نئی دہلی، 13؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس نے ہفتے کے روز اتر پردیش، گجرات اور مدھیہ پردیش میں کورونا اموات کے اعدادوشمار کوچھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، وجئے روپانی اور شیوراج سنگھ چوہان کو اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے مستعفی ہونا چاہئے۔
کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی صحیح تعداد معلوم کرنے اور اعداد و شمار کو چھپانے والوں کی جواب دہی طے کرنے کے لئے عدالتی جانچ کرائی جائے۔ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سورجے والا نے مدھیہ پردیش میں کورونا ہلاکتوں سے متعلق ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو اس پر جواب دینا چاہئے۔
انہوں نے ٹویٹ کیاکہ مئی کے مہینے میں صرف مدھیہ پردیش میں 170000 اموات! جونہ سوچا نہ سنا وہ سچ سامنے ہے۔ مئی کے مہینے میں صرف مدھیہ پردیش میں چھ مہینوں کے برابر اموات ہوئیں۔ انسانی زندگی کس طرح سستی ہوگئی؟ روح کیوں مر گئی؟ کس طرح حکمرانی پر بیٹھے ہیں شیوراج؟ وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ سامنے آئیں اور بتائیں کہ اس کے لیے کون ذمہ دار ہے؟